نئی دہلی، 29/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اتر پردیش کے فرخ آباد میں دو لڑکیوں کی موت پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت سے انصاف کی امید رکھنا بھی گناہ ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ فرخ آباد میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، متاثرہ خاندان کے ساتھ انتظامیہ کا ایسا رویہ کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یہ سب کب تک برداشت کیا جا سکتا ہے۔ یہ بحیثیت معاشرہ ہمارے سامنے ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی ہندوستان کی ہر بیٹی کا حق ہے اور انصاف ہر متاثرہ خاندان کا حق ہے۔
رپورٹ کے مطابق 27 اگست کو یوپی کے فرخ آباد ضلع کے قائم گنج علاقے میں دلت برادری کی دو لڑکیوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔ جہاں دونوں دوست جنم اشٹمی کے تہوار کے موقع پر پروگرام دیکھنے نکلی تھیں ، لیکن گھر واپس نہیں آئیں۔ گھر والوں نے تلاش کیا تو دونوں لڑکیوں کی لاشیں ایک ہی دوپٹے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ ساتھ ہی ان لڑکیوں میں سے ایک کے والد نے اپنی بیٹی کے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
تاہم، فرخ آباد ضلع پولیس نے عصمت دری اور قتل کے امکان سے صاف انکار کیا ہے۔ پولس اس معاملے کو خودکشی سے جوڑ کر دیکھ رہی ہے۔ جبکہ ان لڑکیوں میں سے ایک کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی اور پڑوس میں رہنے والی اس کی سہیلی27 اگست کو جنم اشٹمی کے موقع پر جھانکی دیکھنے گئی تھیں۔ لیکن صبح اطلاع ملی کہ دونوں لڑکیوں نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ہے۔